ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دلت کارڈ سے کانگریس کے لنگایت داؤ کو روکے گی مودی حکومت

دلت کارڈ سے کانگریس کے لنگایت داؤ کو روکے گی مودی حکومت

Sat, 24 Mar 2018 11:27:25    S.O. News Service

نئی دہلی 23 مارچ(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )انتخابات سے پہلے کرناٹک کی کانگریس حکومت نے بھلے ہی صو بہ کے لنگایت کمیونٹی کو ہندوؤں سے الگ درجہ دینے کی سفارش کی ہو،لیکن مرکز اس کی منظوری دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہوئی کابینہ  میٹنگ میں وزراء کے درمیان کانگریس کی اس تجویز کو لے کر بحث ہوئی۔ اس اجلاس میں زیادہ تر وزراء نے یہ کہتے ہوئے لنگایتوں کو الگ مذہب کا درجہ دینے کی مخالفت کی کہ اس سے ویرشیو لنگا یت کمیونٹی کے دلتوں کو ریزرویشن کا فائدہ نہیں مل سکے گا۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ میں موجود مرکزی خوراک اور فراہمی وزیر رام ولاس پاسوان نے کہا کہ فی الحال ہندو، بدھ مت اور سکھ کمیونٹی کے دلتوں کو ہی ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کا فائدہ مل رہا ہے۔ ایسے میں ویرشیو۔ لنگایت کمیونٹی کو الگ مذہب کا درجہ دیے جانے پر دلت طبقے کے لوگ ریزرویشن سے محروم رہ جائیں گے۔میٹنگ میں موجود کرناٹک سے آنے والے سینئروزیراننت کمار نے بھی اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت کو سمجھایا کہ کس طرح خود یو پی اے ۔2 نے ہی اس مطالبے کومسترد کر دیا تھا، تب آل انڈیا ویرشیو مہاسبھا نے لنگایتوں اور ویرشیو۔ لنگایتوں کو مذہبی اقلیت کا درجہ دیئے جانے کی مانگ کی تھی۔وہیں جمعرات کو پاسوان نے تو عوامی طور پر کانگریس کی اس تجویز کی مخالفت کی۔پاسوان نے کہا کہ لنگایت کمیونٹی میں بھی دلت ہے۔ اگر لنگایت کمیونٹی کو الگ مذہب کا درجہ دیا جاتا ہے تو اس میں موجود دلتوں کو سپریم کورٹ کا ریزرویشن نہیں مل سکے گا۔صرف ہندو، سکھ اور بدھ مت کمیونٹی کے دلتوں کو ہی ریزرویشن کا فائدہ ملتا ہے۔ پھر ان لوگوں کے مفادات کا نقصان کیوں کیا جائے؟ دلت لیڈر اور این ڈی اے کے اہم اتحادی کا یہ موقف بتاتا ہے کہ مودی حکومت کانگریس کی اس تجویزپر کس طرح سے غور کررہی ہے ۔

جنوبی ریاست کرناٹک میں کچھ ہی دنوں میں انتخابات ہونے ہیں۔ ایسے میں مانا جا رہا ہے کہ کانگریس نے صوبہ کی 18 فیصد لنگایت آبادی کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے شطرنج کی چال چلی ہے جس سے بی جے پی خیمہ میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔لنگایت کمیونٹی کو عام طورپربی جے پی کا حامی سمجھا جاتا رہا ہے۔ ریاست میں بی جے پی کے سب سے بڑے لیڈر بی ایس یدی یورپا بھی اسی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں ۔


Share: